اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کراچی میں دودھ کی قیمت 94 روپے فی لیٹر مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی :سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں دودھ کی قیمت 94 روپے فی لیٹر مقرر کردی، دودھ کی نئی قیمت کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کور ٹ میں دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت وکیل ڈیری فارمرز نے بتایا کہ قیمتوں پرتمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس نہیں بلایا گیا، کمشنر نے قانون کے مطابق قیمت بڑھانے میں موثر اقدامات نہیں کیے۔

ڈیری فارمرز کے وکیل نے کہا کہ دودھ کی 94روپےفی لیٹرکی قیمت بھی قابل قبول نہیں، دودھ کی قیمت میں مزید اضافہ کیا جائے، 2007 سے درخواست زیر سماعت ہے۔

جسٹس عقیل عباسی نے استفسار کیا کہ دودھ کی قیمت میں اتنا زیادہ اضافہ ہوگیا ہے؟ اسٹیک ہولڈرز طے کریں ،قیمت کاتعین کیسےہونا چاہیے، قیمت سال میں ایک بار بڑھانی ہے یادو بار ؟معاملے کو دیکھنا ہوگا۔

سماعت کے دوران جسٹس عقیل عباسی نے مزید کہا کہ قیمت بڑھانے سےعوام کو شدیدمشکلات کا سامنا ہوگا، لوگ بھوک سےمررہے ہیں، دودھ کوئی آسائش نہیں ، حکم دے سکتے ہیں کہ حکومت دودھ پر بھی سبسڈی دے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمرز کے مسائل اہم ہیں، اس لیے کڑوی گولی کھانی پڑ رہی ہے،  جو لوگ پہلے 84 روپے میں دودھ خریدتے تھے اب ان کو 94 روپے میں خریدنا پڑے گا، اسٹیک ہولڈرز طے کرلیں دودھ کی قیمت تعین کس طریقے سے ہونا چاہیے۔

سندھ ہائی کور ٹ نے کراچی میں دودھ کی قیمت 94 روپے فی لیٹر مقرر کردی ، دودھ کی نئی قیمت کا اطلاق یکم اپریل سےہوگا۔

جسٹس عقیل عباسی نے کہا قیمت 94 روپے کررہے ہیں،نہیں جانتے نتائج کیا ہونگے، مہنگائی عوام کوبرداشت کرناہوگی،وہ عدالتوں کو برا بھلا کہیں گے۔

سندھ ہائی کورٹ نے کے ایم سی میں نئے فوڈ انسپکٹر بھرتی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مئیرکراچی اور متعلقہ ادارے فوڈانسپکٹرکی تعیناتی یقینی بنائیں۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ 94 روپے سے زائد کی فروخت پرکارروائی کا حکم دیا جائے، اطلاعات ہیں دودھ 100 اور 115 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔


مزید پڑھیں :  کراچی میں دودھ کی قیمت 100 روپے لیٹر ہوگئی


کمشنر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے صرف 11 فوڈ انسپکٹر ہیں، ایک کروڑ 65 لاکھ کی آبادی میں 11 فوڈانسپکٹر ناکافی ہیں، کے ایم سی کومزید فوڈ انسپکٹر بھرتی کرنے کا حکم دیا جائے۔

بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے درخواست نمٹادی۔

گذشتہ روز کراچی میں دودھ کے نرخ میں نوروپے فی لیٹراضافہ کردیا گیا تھا اوردودھ چورانوے روپے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔

کراچی میں کمشنر کراچی کی زیر صدارت دودھ کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں دودھ کی طلب اوررسد کے حوالےسےبات چیت کی گئی اور دودھ کے نرخوں کےحوالےسے کمشنرکراچی کو تجاویزدی گئیں جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کے نئے نرخ چورانوے روپے فی لیٹر ہوں گے، ڈیری فارمرز دودھ 85روپے فی لیٹر فراہم کریں گے جبکہ دودھ کی تھوک قیمت اٹھاسی روپے پچھتر پیسے مقرر کی گئی ہے۔

اس سے قبل ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافے کا اعلان کیا تھا اور دودھ کی فی لیٹر قیمت 90 روپے مقرر کردی تھی ، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس پر چھاپہ مارکر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دودھ کی مقدار بڑھانے کے لیے لگائے جانے والے انجکشنوں پر پابندی کے بعد دودھ کی قیمتوں سے متعلق ڈیری فارمرز نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

مزید خبریں