کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے میڈیکل کالجز کو داخلوں کیلئے 18 اکتوبرکو ہونے والے انٹری ٹیسٹ سے روک دیا اور کہا درخواستوں کےحتمی فیصلے تک انٹری ٹیسٹ نہیں لیا جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم بی بی ایس میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے تنازع سے متعلق سماعت ہوئی ، عدالت نے میڈیکل وڈینٹل کالجزکو 18 اکتوبر کو ہونے والا انٹری ٹیسٹ روک دیا اور کہا درخواستوں کےحتمی فیصلے تک انٹری ٹیسٹ نہیں لیا جاسکتا۔
عدالت نےایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے سندھ ہائی کورٹ میں ایم بی بی ایس کے داخلوں پر وفاق اور صوبہ سندھ کی جانب سے الگ الگ انٹری ٹیسٹ لینے کے خلاف درخواست دائر کی گئی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ پی ایم ڈی سی کے خاتمے کے بعد وفاق اور صوبے کے درمیان ایم بی بی ایس کے داخلوں پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ، ایم بی بی ایس کے داخلوں پر تنازعے کی وجہ سے طالب علموں میں شدید بے چینی ہے، کوئی پالیسی نہیں۔
درخواست میں کہا گیا تھا صوبے اور وفاق کی مختلف یونیورسٹیز نے میڈیکل میں داخلے کے لئے انٹری ٹیسٹ کی الگ الگ تاریخوں کا اعلان کیا ہے، وفاق نے انٹری ٹیسٹ کے لئے سیلبیس جاری کیا ہے جبکہ صوبے نے تاحال ٹیسٹ سے متعلق نہیں بتایا گیا، استدعا ہے کہ وفاق اور صوبے سے ایم بی بی ایس میں داخلوں کی پالیسی طلب کی جائے۔
خیال رہے پاکستان میڈیکل کمیشن کا کہنا ہے کہ میڈیکل وڈینٹل کالجز کیلئے داخلہ امتحان اکتوبر کے دوسرے ہفتے ہوگا، امتحان میں پاسنگ مارکس 60 ہوں گے جبکہ سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلہ امتحان ہرسال نومبراور دسمبرمیں ہوں گے۔