کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کےوارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعامسترد کردی،عدالت نےقراردیا وارنٹ پرتوعمل ہوچکا، اب کیسے معطل کرسکتے ہیں؟
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگرملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، سماعت میں فاضل جج جسٹس اقبال کلہوڑو نے قرار دیا کہ وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد ہوچکا ہے ، اب کیسے معطل کرسکتے ہیں؟
نیب پراسیکیوٹر نے بتایا آغا سراج سمیت 20 ملزمان کیخلاف ریفرنس دائرکر دیا ہے، آغا سراج جیل میں ہیں اور فیملی ملک سے فرار ہوچکی ہے، ان کی 35 گاڑیوں اور کروڑوں روپے جائیدادوں کا سراغ لگالیا ہے۔
نیب کا کہنا تھا آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں، انھوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، غیر قانونی بھرتیاں کیں اور آمدن سے زائد اثاثے بنائے، اہم شواہدحاصل کرلیے، جس پر عدالت نے کہا چاہتےہیں ایک ہی عدالت کیس کومکمل سنےاورفیصلہ کرے۔
وکیل صفائی نے درخواست ضمانت سننے کی درخواست بھی کی، جس پر جسٹس اقبال بولے گرمیوں کی تعطیلات کی وجہ سے فوری سماعت ممکن نہیں، عدالت نے فریقین سے سات اگست کو دلائل طلب کرلیے۔
مزید پڑھیں ؒ: نیب نے آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائرکردیا
یاد رہے نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ، دائر ریفرنس میں آغاسراج سمیت بیس ملزمان کونامزدکیاگیا، ملزمان پر ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہیں۔
واضح رہے نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔