جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

آئی جی سندھ کے کیس کا فیصلہ محفوظ، کام جاری رکھنے کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالتی فیصلے تک اے ڈی خواجہ کے عہدے سے متعلق حکم امتناع برقرار رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت میں درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ جنرل، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے وکیل سمیت دیگر پیش ہوئے۔

عدالت میں درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت آئی جی کے پیچھے ہی پڑ گئی جبکہ آئی جی کو تعینات کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ہی نام وفاق کو ارسال کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بھی پولیس چیف کو مقررہ وقت سے پہلے عہدے سے سبکدوش کرنے کا منع کر رکھا ہے۔ سندھ حکومت کو سینیارٹی جنوری یا دسمبر میں یاد نہیں آئی جو اب سینیارٹی کی بات کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کے جواب میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ انیتا تراب کیس رولز آف بزنس سے مختلف بات کرتا ہے۔ لیکن یہ غلط تاثر ہے۔

عدالت میں ایڈووکیٹ فیصل صدیقی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد آئی جی سندھ کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ فیصلہ آنے تک اے ڈی خواجہ کے عہدے سے متعلق حکم امتناع برقرار رہے گا۔


 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں