اسلام آباد / گوجرانوالہ : خواجہ سرا اپنے حقوق کے حصول کیلیے سڑکوں پر آگئے۔ جے یو آئی کے حافظ حمد اللہ نے بھی خواجہ سراؤں کے حقوق کے لئے سینیٹ میں آواز بلند کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سیالکوٹ میں ایک خواجہ سرا پرانسانیت سوز تشدد کے بعد خواجہ سرا برادری سراپا احتجاج ہے۔ گوجرانوالہ کے جی ٹی روڈ پر خواجہ سراؤں نے زبردست احتجاج کیا، مظاہرین تالیاں پیٹ پیٹ کر احتجاج کرتے رہے۔۔
خواجہ سراؤں نے مطالبہ کیا کہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے تشدد کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
دوسری جانب سینیٹ کے اجلاس میں جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے خواجہ سراؤں کے حقوق کے لئے آواز بلند کردی اورکہا کہ خواجہ سرا ہونا جرم نہیں ہے، پاکستان میں خواجہ سراؤں کے ساتھ اچھوتوں والا سلوک ہوتا ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اسلام میں خواجہ سرا کے وہی حقوق ہیں جو مرد اورعورت کو حاصل ہیں، ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کمیٹی بنائی جائے۔
مزید پڑھیں : خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد
چئیرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ آپ نے ایک اہم نقطہ اٹھایا ہے، خواجہ سراؤں کو حقوق دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ یہ معاملہ پسماندہ طبقات کی کمیٹی کے حوالے کیا جائے۔