لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستانی تاریخ میں پہلی بار ایسا بجٹ پیش کیا گیا، حقیقت پسندانہ اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر حکومت کو مبارک باد دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں اعدادو شمار کی جعل سازی سے عوام کو گمراہ کرتی رہی ہیں، ہماری حکومت نے ماضی کی طرح ترقی کے بلند و بانگ دعوے نہیں کیے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعین اہداف پائیدار ترقی کی بنیاد بنیں گے۔
مزید پڑھیں: بجٹ 2019 -2020: تحریک انصاف نے 70 کھرب 22 ارب کا بجٹ پیش کردیا
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2020-2019 کے لیے 70 کھرب 22 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا، حکومت کی جانب سے ملک بھر کے مجموعی ترقیاتی کاموں کے لیے 18 ارب روپے مختص کیے گئے، جبکہ مزدور کی کم سے کم تنخواہ کو 17ہزار 500 روپے مختص کیا گیا،
بجٹ میں گریڈ 1سے 16گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ کیا گیا اسی طرح 17سے20گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5فیصد اضافہ کیا گیا جبکہ 21سے22گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کااعلان کیا گیا۔
وفاقی کابینہ اور اراکین اسمبلی نے رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا۔ بجٹ کا حجم 67 کھرب روپے مختص کیا گیا جبکہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف 550 ارب روپے مختص کیا گیا۔