لاہور: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ سندھ کے چوہے گوداموں سے 43 کروڑ کی گندم کھا گئے، ہر چیز کا الزام وفاق پر دھر کے سندھ حکومت اپنی کارکردگی کو چھپا نہیں پائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چند وزیر صرف پریس کانفرنس کے لیے رکھے گئے ہیں، کیا سندھ کے بنیادی مسائل پر قابو پالیا گیا ہے، گندم بحڑان کے ذمہ داران وفاق پر ہرزہ سرائی میں مصروف ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ سندھ نے گندم چوری اسکینڈل میں 10 ارب پلی بارگین کی، سندھ کے عوام نے آپ کو خدمت کے لیے ووٹ دیا ہے نا کہ وفاق پر الزامات لگانے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق کو چھوڑے سندھ پر توجہ دے، سندھ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لیے ہمیشہ وفاق پر الزام لگاتی آئی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ لاڑکانہ کو کراچی بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے کراچی کو لاڑکانہ بنادیا، پیپلزپارٹی کارکردگی نہیں مال بنانے پر یقین رکھتی ہے، سندھ کے عوام کو دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا گیا۔