لاہور: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک سیٹ کی خاطر در در کی خاک چھان رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بار بار بکنے کا ہنر سیکھنا ہو تو مولانا کی شاگردی اختیار کرے، مولانا کو اس بار بھی خوش فہمی تھی کہ خریدار آگئے۔
شہباز گل نے کہا کہ یقیناً مولانا فضل الرحمان کے پاس وسیع تجربہ ہے مگر وہ تجربہ مفت کا مال کھانے کا ہے، مولانا ایک سیٹ کی خاطر در در کی خان چھان رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا آپ کی 40 سال کی سیاست ذاتی مفادات کی گرد گھومتی رہی، ووٹ کے حق کی جنگ کی آڑ میں آپ کی سیاہ کاریاں نہیں چھپ سکیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ڈی ایم کے حیدرآباد میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے موجودہ حکومت کو کرپٹ حکومت کہا، کرپشن کی سردار یہ حکومت ہے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اس حکومت اور نیب کو بھی بے بس کریں گے، ان کا باپ بھی ہمارا احتساب نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین اسلام آباد میں جمع ہورہے ہیں ان کو حمایت کا یقین دلاتا ہوں، آج تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے احتجاج پر مجبور ہیں، 26 مارچ کو پورے پاکستان سے لانگ مارچ کے قافلے روانہ ہوں گے۔