اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ میرا تھا اور فیصلے میں نواز شریف کی مشاورت شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کوفیلڈمارشل بنانےکافیصلہ میراتھا لیکن کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے نواز شریف سےبھی مشاورت کرتا ہوں، فیلڈ مارشل بنانے کے فیصلے میں نوازشریف کی مشاورت شامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہےتو ایک کی ہار ہوتی ہے، جنگ مستقل حل نہیں دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔
پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ جب بھی دہشت گردی پر مذاکرات ہوئے دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیرکریں گے لیکن بھارت کسی بھی تیسرےملک کی مذاکرات میں شرکت پر آمادہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے دوران پاکستان کی جانب سے 4 اہم نکات شامل ہوں گے، بھارت سے کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی کے حوالے سے بات ہوگی، تیسرے ملک میں بات چیت کرنے کا فیصلہ اچھا ہوسکتا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاک بھارت مذاکرات کیلئے سعودی عرب یا یو اے ای کے مقام کا تعین ہوگا، پاک بھارت مذاکرات میں امریکا بنیادی کردار ادا کرے گا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی، سری نگر اور دیگر مقامات پر بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنگ بندی کے لئے قطعاً کوئی درخواست نہیں کی تھی، اگر ہم نے جنگ بندی کی درخواست کی ہوتی تو عالمی برادری بتا دیتی، جب مذاکرات ہوں گے تو نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر،ڈجی جی آئی ایس آئی ہی جائیں گے۔
مزید پڑھیں : آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری
وزیراعظم نے کہا کہ ملٹری آپریشنز کی گفتگو میں طے پایا، دونوں ممالک کی افواج جنگ سے پہلی پوزیشن پر جائیں گی، دونوں ممالک کی افواج پہلے والی پوزیشن پر کب جائیں گی اس کاٹائم فریم بھی نہیں بتاسکتے۔
انھوں نے بتایا پسرور میں ایک چوکی پر ہماری افواج نےڈٹ کرمقابلہ کیااورپیچھے نہیں ہٹے، پسرور کی اُس چیک پوسٹ پر ایک جوان اور 8شہری شہید ہوئے، پسرورچیک پوسٹ بہادرسپاہی آخری فوجی تک لڑ ے اور اپنی چیک پوسٹ کو نہیں چھوڑا۔
صحافی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ پاک بھارت جنگ کےدوران کیا اسرائیلی بھارت میں موجودتھے؟ تو انھوں نے بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ اسرائیل کے لوگ بھارت میں موجود تھے لیکن ہم نے فتح پائی، پاکستان نے بھارت پر حملے میں جو الفتح میزائل استعمال کیا وہ پاکستان کا اپنا بنایا ہوا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف نے پوری جنگ کو تمام افواج کی طرف سے لیڈ کیا، ہم نے دعائے خیر بھی کی اور پھر فتح بھی نصیب ہوئی، رات ڈھائی بجے آرمی چیف کافون آیاکہ بھارت نے حملے کی تیاری کرلی ہے، آرمی چیف کو کہا ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے بھارت کو جواب دیں آگے بڑھیں، اپنے سے پانچ گنا بڑا ملک جومعاشی اور دفاعی لحاظ سے بہت آگے ہے، اس کو بھرپور جواب دیا۔