اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے پر کہا ہے کہ وہ ایک پارٹی کے اشارے پر آئین شکنی کر رہے ہیں، یہ ان کا دوغلاپن ہے جہاں ہارے وہاں دھاندلی اور جہاں جیتے وہ الیکشن ٹھیک۔
(ن) لیگ کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف سی پیک کے منصوبے لے کر آئے جس کی پوری قوم گواہ ہے، انہوں نے 7 ہزار میگاواٹ بجلی قوم کو مہیا کی جس سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی، انہوں نے چاروں صوبوں کو موٹرویز کے ذریعے جوڑا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے لوگ امن لانے پر نواز شریف کو جھولیاں بھر کر دعائیں دیتے ہیں، پہلے لگتا تھا ملک میں دہشتگردی کی آگ کبھی بجھے گی نہیں لیکن نواز شریف کی قیادت دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا گیا، کراچی کے تباہ کاروبار کو بحال کرنے پر لوگ نواز شریف کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2015 میں چینی صدر پاکستان آئے اور سی پیک معاہدے ہوئے، دن رات سی پیک منصوبوں پر کام ہوا لیکن نواز شریف کی خدمات کے بدلے میں ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، نواز شریف اور مریم نواز نے عدالتوں کا سامنا کیا اور ظلم کا مقابلہ کیا۔
(ن) لیگی صدر نے کہا کہ نواز شریف نے جعلی مقدموں اور جبر کا صبر و تحمل سے سامنا کیا، نواز شریف نے کبھی نہیں کہا میر جعفر یا فلاں غدار ہے، دیامربھاشا ڈیم کیلیے زمین خریداری کیلیے فنڈز نواز شریف نے جاری کیے، پاکستان بھر میں نواز شریف کی عوامی ترقی اور خوشحالی کی تختیاں گننا مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی اور بے نظیر کو شہید کیا گیا لیکن کسی نے جی ایچ کیو کا رخ نہیں کیا، جب نواز شریف بیمار ہوئے تو ان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی گئی، نواز شریف نے منفی قوتوں کا مقابلہ کیا لیکن کسی کے خلاف غلط زبان استعمال نہیں کی۔