جمعہ, اکتوبر 11, 2024
اشتہار

اعلیٰ معیار کے تعلیمی نظام کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹیچرز ٹریننگ اور صلاحیت جانچنے کیلیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے۔

وزارت تعلیم و فنی تربیت کے امور پر جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے تعلیمی نظام کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، معیاری تعلیم و فنی تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اسکلز ڈیولپمنٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن ناگزیر ہو چکی ہے، ہمیں بھی تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے حکومت میں آتے ہی تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کیا، یکساں تعلیمی نظام کیلیے قومی نصابی سربراہی کانفرنس کا انعقاد ضروری ہے۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں دانش اسکولز کی تعمیر کیلیے کام تیز کرنے، اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کی سہولت کیلیے ڈے کیئر مراکز بنانے اور دارالحکومت کے پارکس اور تفریحی مقامات پر ای لائبریریز قائم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پارکس میں ای لائبریریز میں عوام کا داخلہ فری رکھا جائے جبکہ مفت انٹرنیٹ سہولت بھی مہیا کی جائے، اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی طالبات کیلیے ماہانہ اعزازیہ مقرر کرنے کی حکمت عملی اور اسکولز میں فنی تربیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایسے طالب علم جو کسی وجہ سے تعلیم ترک کر چکے ہیں انہیں مفت فنی تربیت دی جائے، اساتذہ کیلیے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ معیار کا ٹیچرز ٹریننگ کا ادارہ نا گزیر ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں