لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں منی بجٹ پرحکمت عملی زیر بحث آئی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں میں ہونے والی اس ملاقات میں سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا.
ملاقات کے بعد خورشید شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کےساتھ بجٹ اور الیکشن کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی کمیٹی پر بات چیت کی.
ملاقات میں دھاندلی سےمتعلق کمیٹی کے لئے ناموں پرمشاورت ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ تجربہ کار افراد کو کمیٹی کے لیے نامزد کیا جائے.
مزید پڑھیں: انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات، پرویز خٹک کو پارلیمانی کمیٹی کا سربراہ بنائے جانے کا امکان
خورشیدشاہ کے مطابق حکومت نے کل انتخابی دھاندلی کمیٹی سے متعلق اجلاس بلایا ہے، وزیر اعظم نے اجلاس میں شرکت کا دعویٰ کیا، انھیں اجلاس میں آنا چاہیے. وزرا کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے.
انھوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اپوزیشن لیڈر ہوں گے، ضمنی انتخابات سے متعلق بھی اپوزیشن لیڈر سے بات چیت ہوئی ہے، سیاسی حکمت عملی کے تحت اپوزیشن کا مل بیٹھنا فائدہ مند ہوتا ہے.