اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی بجٹ 2026-2025 کی تیاری سے متعلق اجلاس ہوا جس میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہرین سے بجٹ پر مشاورت کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہے، آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے، غریب اور متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ مالی سال کا بجٹ : سرکاری ملازمین کیلیے اہم خبر
انہوں نے وفاقی بجٹ کی تیاری میں برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔
’صنعتوں کے فروغ اور پیداوار میں اضافے کیلیے منصوبوں پر کام کیا جائے۔ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت دے کر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ترجیح ہے۔ وفاقی بجٹ تیار کرتے ہوئے نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دیں، وفاقی بجٹ میں زراعت، آئی ٹی و دیگر شعبوں پر بھرپور توجہ دی جائے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں کا فروغ اگلے بجٹ میں ترجیح ہوگی، پاور سیکٹر میں حکومتی اصلاحات کے مثبت نتائج آ رہے ہیں، صنعتوں کیلیے بجلی کی قیمتوں میں کمی صنعت و پیداوار کے فروغ کی جانب اہم اقدام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلیے آٹومیشن اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت کا حجم کم کرنے کیلیے رائٹ سائزنگ اگلے مالی سال بھی جاری رہے گی۔
وزیر اعظم نے تجاویز کا خیر مقدم اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و دیگر نے شرکت کی۔