جمعہ, اپریل 25, 2025
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کیخلاف 10 ارب ہرجانے کے کیس میں وزیر اعظم پیش نہ ہو سکے، سماعت ملتوی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: سیشن عدالت میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف 10 ارب ہرجانے کے کیس کی سماعت کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف پیش نہ ہو سکے۔

سیشن عدالت میں عمران خان کے خلاف شہباز شریف کے 10 ارب ہرجانے کے کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وکیل نے بتایا کہ قومی سلامتی اجلاس کی وجہ سے وزیر اعظم مصروف ہیں۔

وکیل نے استدعا کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری مصروفیت کے باعث ویڈیو لنک پر دستیاب نہیں۔ سیشن عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے برطانوی اخبار پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا

19 اپریل کو کیس کی سماعت کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے تھے جہاں عمران خان کے وکیل نے ان کے بیان پر جرح کی تھی۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کے خلاف ہرجانہ دعویٰ پر خود دستخط کیے جس کی تصدیق کیلیے اوتھ کمشنر خود میرے پاس آیا تھا، بانی پی ٹی آئی نے آج تک میرے آمنے سامنے یہ الزام نہیں لگایا بلکہ عمران خان نے یہ الزامات دو ٹی وی چینلز کے پروگرام میں لگائے، مجھے علم نہیں کہ دونوں چینلز کے یہ پروگرام کس شہر سے نشر ہوئے۔

وکیل نے استفسار کیا تھا کہ کیا یہ درست ہے کہ عمران خان نے آج تک آپ کے خلاف ازخود بیان نشر یا شائع نہیں کیا؟ اس پر شہباز شریف نے جواب دیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹی وی چینلز پر تمام الزامات خود ہی لگائے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ مجھے یاد نہیں کہ میں 2017 میں جب الزام لگا تو مسلم لیگ (ن) کا صدر تھا یا نہیں مگر یہ درست ہے کہ 2017 میں میرا پارٹی سے تعلق تھا جو آج بھی ہے، جب 2017 میں الزام لگا تو عمران خان اپنی جماعت کے چیئرمین تھے۔

شہباز شریف نے کہا تھا کہ جب سے عمران خان نے سیاست شروع کی تب سے مسلم لیگ (ن) کے حریف رہے ہیں، وہ آج تک کبھی پارٹی کے اتحادی نہیں رہے۔

وزیر اعظم پر وکلا کی جرح جاری تھی کہ عدالت نے سماعت 25 اپریل 2025 تک ملتوی کر دی تھی۔ عدالت میں جرح کے دوران ایک موقع پر بجلی اچانک منقطع ہونے کی وجہ سے جرح کا سلسلہ تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ عمران خان نے پانامہ کیس واپس لینے کیلیے 10 ارب کی پیشکش کا الزام لگایا تھا۔ وزیر اعظم نے اس بیان پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہرجانہ کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں