اسلام آباد: وزیر اعطم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کیلیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گریٹر واٹر سپلائی ہنزہ، عطا آباد جھیل سے پن بجلی بنانے اور علاقائی گرڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جبکہ گلگت بلتستان کیلیے 100 میگاواٹ بجلی کیلیے شمسی توانائی کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اپنے بہنوں اور بھائیوں سے ملاقات ہوئی، غذر میں 2022 میں جو قدرتی آفت آئی وہاں پورے گاؤں کا نشان مٹ گیا تھا، اگست 2022 میں جب غذر کا دورہ کیا تو سکتہ طاری ہوا، دورے کے دوران اس گاؤں کی تعمیر کیلیے اقدامات کی ہدایت کی تھی، آج اطمینان مل گیا کہ پورے گاؤں کے افراد کو گھر مل گئے اور وہ مالک بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کی وجہ ایک خاندان کی معصوم بیٹی اور باپ زندہ بچے تھے، قوم کی بیٹی کیلیے حکومت نے 50 لاکھ روپے ان کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے، وہ 50 لاکھ روپے آج 67 لاکھ روپے بن چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج گلگت بلتستان کے حوالے سے اجلاس میں بہت تفصیلی بات ہوئی، اجلاس میں سردیوں میں بجلی اور پانی کے مسائل سمیت تعلیم پر بات ہوئی، سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سنگ بنیاد رکھے جانے والے منصوبوں میں دو پن بجلی منصوبے بھی شامل ہیں، بلتستان اور قراقرم یونیورسٹیز کیلیے 50، 50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے دونوں یونیورسٹیز کے طلبا کیلیے ایک ارب روپے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔