اسلام آباد: پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں اپوزیشن جماعتوں کو میثاق مفاہمت کی دعوت دے دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے بطور حزب اختلاف پہلی تقریر میں میثاق معیشت کی بات کی اور آج پھر میثاق معیشت کا اعادہ کرتا ہوں اور میثاق مفاہمت کی دعوت دیتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ لاپتا افراد کے مسئلے کو حل کیے بغیر بلوچستان کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا جا سکتا ہے، لاپتا افراد یا کوئی اور معاملہ ہو بلوچستان کے زعما سے کھلے دل سے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے نوجوانوں کو خبردار کیا کسی سیاسی جماعت کے آلہ کار نہ بنیں، نوجوان سیاسی جماعت کے آلہ کار بنیں گے تو سب سے بڑی غلطی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی کے آلہ کار نہ بنیں چاہے وہ گھڑی والا ہو یا بغیر گھڑی والا، قوم کو مزید کسی انتخابی نتیجے کی ضرورت نہیں عوام کو اب صرف نتیجہ چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سب پاکستان کیلیے اپنی انا کو دفن کر سکتے ہیں۔