اتوار, ستمبر 22, 2024
اشتہار

’اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر شہباز شریف اور جوبائیڈن کی ملاقات طے نہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی صدر جوبائیڈن کی ملاقات طے نہیں۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں منیر اکرم نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں خطاب کریں گے، ان کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل اور دیگر اہم ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہوگی۔

منیر اکرم نے کہا کہ جغرافیہ نہیں بدل سکتا ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمیں تعلق رکھنا ہی ہے، افغان طالبان کی بہت سی پالیسیوں سے اختلاف کے باوجود رابطے ضروری ہیں، کئی مسائل ہیں لیکن ہمارا تعلق افغان عوام سے ہے۔

- Advertisement -

مستقل مندوب اقوام متحدہ نے کہا کہ افغانستان اور پاکستانی عوام کے درمیان تعلق نہیں بدلتا، افغان حکومت کے ساتھ اختلافات کے حل کیلیے کام کریں گے، ہمیں اپنی سکیورٹی کیلیے جو ایکشن لینا ہے وہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں سفارت کاری کی ضرورت ہے وہاں سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے، ہمارا مؤقف برقرار ہے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں، ہم افغان عوام کی مدد اور ان کی حکومت کی غلطیاں درست کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے متعلق ہماری جامع پالیسی ہے جو جاری رہے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف لندن پہنچ گئے جہاں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سرکاری پروٹوکول میں شہباز شریف ائیرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ پہنچے۔

وزیر اعظم دو روز لندن میں قیام کے بعد 23 ستمبر کو امریکا پہنچیں گے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ان کی بنگلہ دیش، مالدیپ اور ترکی کے سربراہان سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سربراہان سے بھی ملیں گے۔ امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے سربراہان کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں فلسطین، کشمیر، افغانستان اور دہشتگردی کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔ وہ دورہ امریکا کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں امن کے فروغ، موسمیاتی تبدیلی و دیگر امور پر بات کروں گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں