لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا ہے، اس موقع پر انھوں نے پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو میاں شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اور جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، وزیر اعظم نے نیب کی اس بیرک کا بھی دورہ کیا جہاں انھیں رکھا گیا تھا۔
شہباز شریف نے جیلوں میں سہولتوں میں اضافے، اسکول، ڈسپنری بہتر کرنے کی ہدایت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے جیل کے اندر موجود اسپتال اور لنگر خانے کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر آئی جی جیل، آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری اور کمشنر لاہور بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے جیل انتظامیہ سے ملاقات میں قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اردلی اور دیگر قیدیوں سے بھی ملاقات کی۔
دریں اثنا، وزیر اعظم نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے، جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور نظام کی بہتری کے لیے حکمت عملی مرتب کرے گی، اس کمیٹی میں چاروں صوبوں کے افسران شامل ہوں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سزا پوری کرنے والے قیدی کو اچھا شہری بنانا حکومتی فرائض میں شامل ہے، انھوں نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔