قصور : وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا درندگی کا شکار ہونے والی بچیوں کے ناموں پر اسکول بنانے کا اعلان کیا اور مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری لوٹی دولت واپس کریں ورنہ چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق قصور دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ عوام کے خادم ہیں، یہی ان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے، ہم میں کمزوریاں اور غلطیاں ہیں، کوئی بھی غلطی سے پاک نہیں، کل پشاور میں ہونے والا جلسہ اس بات کا عکاس ہے کہ مسلم لیگ ن نے ملک کی خدمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے مزاج کو بگاڑنے کی کوشش کی ہے جبکہ زرداری نے پورے ملک کا پیسہ لوٹا، کئی مرتبہ اعتراف کر چکا ہوں کہ زرداری کو گھسیٹنے والے الفاظ انہیں استعمال نہیں کرنا چاہیئیں تھے۔
وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی زبان پر افسوس ہوتا ہے، انہوں نے دھمکیاں دیں، جھوٹ بولا، یوٹرین لیے، کے پی میں کام کیا ہوتا توآج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔
انکا کہنا تھا کہ قوم نے موقع دیا تو دنیا کے آخری کونے سے بھی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے، زرداری صاحب لوٹی ہوئی دولت خود ہی واپس لےآئیں تواچھا ہوگا، آصف زرداری لوٹی دولت واپس کریں ورنہ چھپنےکی جگہ نہیں ملی گی۔
زینب کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس معاملہ کی تہہ تک پہنچنے کے لئے پنجاب پولیس اور پنجاب فرانزک ایجنسی نے چودہ روز دیوانہ وار کام کیا، چودہ سو افراد کے ڈی این اے کئے گئے، باقی سات خاندان جنکی بیٹیاں اسی درندے کی درندگی کا شکار ہوئیں، انکے لواحقین سے ملا تو آنکھیں ملانے کی ہمت نہیں تھی، متاثرہ خاندانوں سے معافی مانگی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عدالت عالیہ سے میری ہی نہیں پوری قوم کی گزارش ہے کہ اس درندے کو لاہور یا قصور کے کسی چوک میں لٹکایا جائے، متاثرہ خاندانوں سے کہا ہے کہ وہ بچیوں کو واپس تو نہیں لا سکتے، انہیں انصاف ضرور دلایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آمنہ، لائیبہ اور درندگی کا شکار ہونے والی دیگر بچیوں کے ناموں پر اسکول بنائیں گے، ہسپتالوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قصور میں آج سی ٹی سکین مشین کا افتتاح کیا ہے، پنجاب کے تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینیں پہنچا رہے ہیں، یہ مشینیں محکمہ صحت کی ملکیت نہیں ہوں گی بلکہ یہ مشینیں بنانے والی کمپنیاں ہی آ کر لگائیں گی اور چلائیں گی۔
انکا کہنا تھا کہ سی ٹی اسکین بالکل مفت ہوگا، کسی کو ایک پیسہ نہیں دینا ہوگا، اب لیبارٹری والوں کا گورکھ دھندہ بند ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت میں الٹرا ساؤنڈ مشینیں لے کر آ رہے ہیں، سات سو پورٹ ایبل مشینیں آج پہنچ گئی ہیں۔ 54 موبائل ہسپتال مئی دو ہزار اٹھارہ تک پورے پنجاب میں کام کریں گے۔