اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب کے نام پر انتقام کی چکی چلائی جارہی ہے جس سے ملک کو نقصان ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پاکستان بار کونسل میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتقام کی چکی میں پس رہے ہیں، ماضی میں بھی احتساب کے نام پر انتقام کی چکی سے ملک کو نقصان ہوا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کابینہ میں آدھے سے زیادہ نیب زدہ بیٹھے ہیں، احتساب کے لیے فیس نہ دیکھیں کیس دیکھیں، شفاف احتساب کریں، مجھ سے کوئی حق اور سچ کی بات کرتا ہے تو آئیں ساتھ چلیں گے، ملک کو مل کر آگے بڑھانا ہے، مل کر ملک کو ترقی دلانی ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے صحیح معنوں میں اس پاکستان کومضبوط کرنا ہے، اقوام عالم میں پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلوانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کل گوالمنڈی کے بیان سے بہت دکھ اورافسوس ہوا، گوالمنڈی میں تاریخ رقم کرنے والے لوگ رہے ہیں، گوالمنڈی ہویا کوئی بھی پاکستان کاعلاقہ سب ہمارے لیے ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ پنجاب آگے بڑھے اور باقی صوبے پیچھے رہ جائیں، پنجاب نے بلوچستان کواین ایف سی ایوارڈ میں 100 فیصد حصہ دلوایا۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے تمام صوبوں کو ساتھ لے کرچلتے ہیں، صوبے مل کر ساتھ نہیں چلیں گے پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کے لیے کالےکوٹ والوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،عدلیہ کی بحالی کیلئے قربانیاں خواب تھا کہ انصاف دہلیز پر ملے گا، آج حالات پھرمختلف ہوگئے ہیں اورمنفی ردعمل آرہا ہے، ارشد ملک جیسی کالی بھیڑوں سے نظام انصاف کو نقصان پہنچ رہا ہے، آج ایسے ججز بھی ہیں جو دباؤ کے باوجود انصاف پرمبنی فیصلے دیتے ہیں۔