لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے صدرشہبازشریف نے چوہدری نثار کوپارٹی کاقیمتی اثاثہ قراردے دیا اور تحفظات دورکرنے کی بھی یقین دہانی کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے چوہدری نثار سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، چوہدری نثار نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے تحفظات سےآگاہ کیا، جن کا اظہار وہ پہلے ہی میڈیا پرکرچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے چوہدری نثار کو پارٹی کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے تحفظات دورکرنےکی یقین دہانی کرائی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : خدشہ ہے کہ شہبازشریف کو کام کرنے کا مینڈیٹ نہیں دیا جائے گا، چوہدری نثار
اس سے قبل چوہدری نثار نے کہا تھا کہ خدشہ ہے کہ نوازلیگ کا صدر بنانے کے بعد شہباز شریف کو کام کرنے کا مینڈیٹ نہیں دیا جائے گا اور اگر انہیں کام کرنے کا پورا مینڈیٹ دیا گیا تو پارٹی کے کئی امور میں مزید بہتری آسکتی ہے۔
یاد رہے کہ نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں، گذشتہ دنوں سابق وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ شہباز شریف کو پارٹی لیڈر مانتے ہیں، اگر مریم نواز پارٹی لیڈر بنیں، تو وہ ن لیگ سے الگ ہوجائیں گے۔
مزید پڑھیں : چوہدری نثارنے مشکل وقت میں پیٹھ میں چھراگھونپا، میں اٹل فیصلہ کرچکا ہوں،نواز شریف
خیال رہے چند ماہ قبل نااہل وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری نثارنےمشکل وقت میں پیٹھ میں چھراگھونپا،ن لیگ چوہدری نثار نہیں میری وجہ سے قائم ہے، میں اٹل فیصلہ کرچکا ہوں جبکہ شہباز شریف نے کہا تھا چوہدری نثار کو ایک موقع دینا چاہیے۔