کراچی کے علاقے کیماڑی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر ایک اور اعتراض دائر کر دیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اسی حلقے سے امیدوار حسنین علی ایڈووکیٹ کی جانب سے اٹھایا گیا۔
اعتراض میں کہا گیا کہ شہباز شریف پر کرپشن کیسز چل رہے ہیں، وہ مالی بے ضابطگیوں کے باعث آرٹیکل 62، 63 کے تحت نااہل ہیں لہٰذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔
اس سے قبل این اے 242 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نے سابق وزیر اعظم کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کیا تھا۔
امیدوار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شہباز شریف نے بطور وزیر اعظم تنخواہ اور مراعات کا ذکر نہیں کیا، بیرون ملک جائیداد اور فیملی کو کروڑوں قرض دینے کا ذکر کیا لیکن منی ٹریل کا نہیں، عہدے کے دوران 5 کمپنیوں سے لاتعلق رہے یا نہیں کوئی ذکر نہیں۔
ریٹرننگ افسر نے فریقین کا مؤقف سن کر فیصلہ 30 دسمبر تک محفوظ کیا۔