اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کو قرض سے نجات دلانے کیلیے اپنی جان لڑا دوں گا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے قرضے 77 سالوں میں بہت بڑھ چکے ہیں، قرضوں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، آئی ایم ایف پروگرام سے قومیں معیشت کو استحکام دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے سولر صارفین پر نیٹ میٹرنگ پالیسی کی مخالفت کر دی
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ پروگرام آخری ہو، ہم نے قرضے کی زندگی کو وقار کی زندگی میں بدلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خادم بن کر پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا، میں آخری دم تک آپ کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا، اربوں اور کھربوں کے مقدمات عدالتوں میں ہیں، ہم نے مل کر شبانہ روز محنت کرنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ہفتے میں 34 ارب روپے خزانے میں آئے، 22-2021 میں ڈالر اور روپے کی قدر خراب ہوگئی تو بینکوں نے بے پناہ کمایا، گزشتہ ایک سال میں پلان بنایا کس طرح قرضوں سے جان چھڑائیں، کئی سالوں سے تاریخیں مل رہی ہیں مزید ادھار لے رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر سے کہا کہ شام میں 23 ارب خزانے میں آگیا، 3 ہفتے پہلے سندھ ہائیکورٹ سے ایک کیس میں اسٹے آرڈر خارج کروایا، لاہور ہائیکورٹ سے بھی چند روز قبل 11 ارب کا کیس ختم کروایا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کسان، صنعت کار اور نوجوانوں کو مضبوط بنائیں گے، میں نوجوانوں کی تعلیم اور ٹریننگ کیلیے جان لڑاؤں گا، آخری حد تک کوشش کروں گا کہ پاکستان کو قرضوں سے نجات دلاؤں، میں آپ لوگوں کو مایوس نہیں کروں گا۔