اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ کامیاب رہا۔
عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سعودی عرب سے اہم منصوبوں پر گفتگو جاری ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان تاریخی ملاقات ہوئی، یہ ملاقات غیر معمولی تھی۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ پاک سعودی عرب تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، 8 پروجیکٹ آن گراؤنڈ آئے جس سے روزگار میں اضافہ ہوگا، مؤثر پالیسیوں کی وجہ سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں لگنا شروع ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم سعودی عرب کا کامیاب دورہ مکمل کر کے پاکستان لوٹے، ان کے ساتھ محمد بن سلمان کی 5ویں ملاقات تھی، پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آرامکو نے پاکستان آ کر اپنے پمپس کھولے ہیں جبکہ البیک فاسٹ فورڈ چین سے متعلق بھی بات چیت ہو رہی ہے، سعودی عرب کے ساتھ بڑے بڑے منصوبوں پربات ہو رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 6 سال بعد 4.8 فیصد پر آگئی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ پوائنٹس کراس کی، دنیا میں ہم جہاں جاتے ہیں دنیا کے لیڈر تعریف کرتے ہیں، پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی تھی۔
سعودی ولی عہد نے چھ ماہ کے دوران پانچویں بار وزیر اعطم پاکستان سے ملاقات پر بے حد خوشی کا اظہار کیا تھا۔ ۔شہباز شریف اور محمد بن سلمان نے دو طرفہ تعلقات میں بڑی تبدیلی لانے کیلیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقی محبت اور باہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ملکوں کے عوام کو جوڑتا ہے، علاوہ ازیں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔