لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وجہ سے اورنج لائن ٹرین منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیرہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے آج صبح سویرے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ منصوبے پرکام کی رفتار مزید تیزکی جائے اور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے سب نے مل کرکام کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے میں تاخیرکا ازالہ محنت، عزم، اور جذبے سے کریں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اس منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر کرائی، پی ٹی آئی کی وجہ سے منصوبہ رکا رہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام کو سفری سہولت سے محروم رکھا اور پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخوا میں کچھ نہیں کیا۔
ہمارا ہر قدم عوام کی خوشحالی کے لئے اٹھ رہا ہے‘ شہبازشریف
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے، ہمارا ہر قدم عوام کی خوشحالی کے لیے اٹھ رہا ہے۔