کراچی: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی کی روشنیاں لوٹائیں گے اللہ کو اگر منظور ہوا تو شہر قائد کو پیرس بنادوں گا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 میں بلدیہ ٹاؤن کی عوام نے مجھے بھاری مینڈیٹ دیا، میں آپ کو میاں نواز شریف کا پہنچانا چاہتا ہوں، میں اس مشکل گھڑی میں کراچی کے عوام کے ساتھ ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کراچی ایک تالاب بن گیا لیکن عمران خان اب تک نہیں آئے، وزیراعظم کا فرض تھا کہ 14 سیٹیں جیتیں ہیں یہاں آتے، اگر ہم جیت جاتے تو میں آپ کے درمیان ہوتا، ان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی آئیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پورے ملک میں مہنگائی، بیروزگاری ہے، چینی 100 روپے کلو کردی گئی ہے، تیل، آٹا، چینی چور کہاں ہیں؟ این آر او دینے والے کہاں ہیں، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے کراچی کی حالت خراب ہے اوریہ کہتے ہیں کہ این آر او نہیں دوں گا، تم سے مانگتا کون ہے۔
واضح رہے کہ برسات کے بعد کراچی سیاسی قیادت کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، ن لیگ کے صدر شہباز شریف، سابق صدر زرداری، پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سمیت دیگر قیادت شہر میں موجود ہے اور حالات پر سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔