اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیونتھ ایونیو اوورہیڈ برج منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھے، وزیر اعظم نے سیونتھ ایونیو اوورہیڈ برج منصوبے کا بھی افتتاح کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو سیونتھ ایونیو اوورہیڈ برج منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اوورہیڈ برج 12 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
سیونتھ ایونیو اوورہیڈ برج کے 4 لوپس ہیں، انڈر پاس کی لمبائی 615 میٹر ہے، برج سیکٹر جی سیون اور جی سکس کو آپس میں ملاتا ہے، سری نگر ہائی وے پر یہ اوورہیڈ برج شہر کی خوب صورتی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کا بھی باعث ہے۔
وزیر اعظم نے آئی جے پی روڈ کی ازسر نو تعمیر کے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔