اشتہار

دہشتگردوں کی پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں ودیگر علاقوں میں دہشگردوں کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں گزشتہ روز بنوں اور دیگر علاقوں میں دہشتگرد کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے۔ دہشت گردوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور دہشتگردی کے خاتمےکے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کرائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کا مسئلہ قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی سوچ اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ ریاست کسی بھی دہشتگرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی اور شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ حکومت دہشتگردوں کی بیرونی سہولت کاری اور پناہ گاہوں کا سدباب بھی کرے گی۔ پوری قوم اپنی شیر دلیر افواج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہے گی۔ اپنی فورسز کی تمام ضروریات پوری کریں گے اور انہیں جدید اسلحے کی فراہمی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی جائے گی

وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف برسر پیکار فورسز کے جذبے اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ردالفساد اور ضرب عضب دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا اور ان کے علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن کی بنیادی ذمے داری صوبوں کی ہے۔ وفاق ان سنگین مسائل پرآنکھیں بند نہیں کر سکتا۔ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ صوبائی حکومت کی صلاحیت، استعداد کار میں اضافہ دہشتگردی کے خاتمے میں اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق صوبوں میں سی ٹی ڈی، ڈیپارٹمنٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیت بہتر بنانے میں معاونت کرے گا۔ خیبر پختونخوا کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کی ازسر نو تشکیل پر کام کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں