لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شریف کو آج طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں تمام افسران کی تنخواہوں اور دیگرمراعات کا ریکارڈ لے کر آج پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
صاف پانی کرپشن اسکینڈل میں اس سے قبل شہبازشریف کے بیٹے حمزہ شہباز، داماد عمران علی یوسف، سابق وزیرخزانہ عائشہ غوث پاشا، سابق رکن اسمبلی اورممبربورڈ آف ڈائریکٹروحید گل بھی پیش ہوچکے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف رواں سال 11 فروری کو صاف پانی ازخود نوٹس کی سماعت میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بھی پیش ہوچکے ہیں۔
شہبازشریف نے عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ تین ہفتوں میں صاف پانی کی فراہمی اور واٹرٹریٹمنٹ کا منصوبہ پیش کردیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نیب لاہور صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں 4 افسران کو گرفتار کرچکی ہے۔
نیب کے مطابق ملزمان کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا اور ملزمان نے بہاولپور ریجن میں انتہائی مہنگے داموں 116 واٹرفلٹریشن پلانٹس نصب کیے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔