اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا تعارفی اجلاس جاری ہے جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور انہوں نے سب کی آمد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراء، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خوا اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ بھی ایپکس کمیٹی بھی شریک ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقعے پر کہا کہ ایس آئی ایف سی اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایپکس کمیٹی نے نگراں حکومت میں بھی مؤثر اور بھر پور کام کیا جس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی کیلئے کردار ادا کیا، انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی غیر معمولی کام کیا ہے۔