لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے اسے جیل جانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں،اور انہوں نے ایک نئی تھیوری پیش کی ہے کہ ملک کو بھارت کی جانب سے خطرات کا سامنا ہے،اس لیے سب یکجا ہو کر افہام و تفہیم سے معاملات لے کر چلیں لیکن عمران خان کو اس مفاہمت میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں کچھ نہ کچھ چھیڑ چھاڑ ضرور کی گئی ہے لیکن میں اس بات کا حامی ہوں کہ وہ ملک سے باہر گئے تو چلے جانے دو۔
اسٹیل ملز ملازمین کی برطرفی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے وہی کرے گی جو فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سمجھ رہے ہیں کہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے حالانکہ ان کی کمپنی پر ریجکٹڈ کا ٹھپہ لگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے اسے جیل جانا ہوگا۔
آن لائن بکنگ کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کی بڑی تعداد کو آن لائن بکنگ کرنا نہیں آتی اور جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں وہاں بھی لوگ کرنٹ بکنگ دفاتر سے بکنگ کروا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ مجھے لاتعداد لوگ کال کرتے ہیں جنہیں آن لائن بکنگ کا طریقہ کار معلوم نہیں۔
شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ آج رحمٰن بابا ایکسپریس اور ہرازہ ایکسپریس سمیت 10 ٹرینیں دوبارہ چلانے کا اعلان کرنا تھا لیکن کرونا کیسز میں اضافے کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا ہے کیوں کہ ہم نہیں چاہتے کہ 60 فیصد سے زیادہ مسافر سوار ہوں۔
وفاقی وزیر ریلوے کے مطابق ریلوے کو روزانہ تقریباََ ایک کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا ہے جو پٹرول سستا ہونے کی وجہ سے 75 لاکھ روپے ہوگیا ہے لیکن اگر پٹرول مہنگا ہوگیا تو پھر یہ دوبارہ ایک کروڑ روپے تک پہنچ جائے گا۔