ہنگو : وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ مقتولہ مدیحہ کے لواحقین کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا، انسانیت کے دشمن جلد بے نقاب ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگو میں خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں نو سالہ بچی مقتولہ مدیحہ کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کیا وزیر انسداد منشیات شہر یار آفریدی مقتولہ مدیحہ کے گھر پہنچے تو ڈی آئی جی کوہاٹ و دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے اندوہناک واقعے پر مقتولہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، شہریار آفریدی نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا، انسانیت کے دشمن جلد بے نقاب ہو ں گے۔
انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ خاندان سے تعزیت کیلئے آیا ہوں، مدیحہ بی بی قوم کی بیٹی تھی جس کے ساتھ ظلم کیا گیا۔
شہر یار آفریدی نے مزید کہا کہ حکومت ایسے واقعات کی سختی سے روک تھام کیلئے سزائے موت جیسے اقدامات کررہی ہے، واقعے میں جدید خطوط پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، جلد کسی حتمی نتیجے پر پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں 9 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، آئی جی کے پی کے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں: نو سالہ بچی کے زیادتی کے بعد قتل کی ایف آئی آر درج ، 16 مشتبہ افراد گرفتار
جس کے بعد مدیحہ قتل کیس میں16 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، بچی کے قتل کی ایف آئی آرتھانہ دوآبہ میں درج کرلی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد زیادتی کی دفعہ بھی شامل ہوگی۔