نئی دہلی : بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا سے ملاقات کے بعد چئیرمین پی سی بی شہریار خان کی پاک بھارت سیریز پر امیدیں برقرار ہیں۔
نجم سیٹھی اور بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد تو دبئی واپس آگئے لیکن چیئرمین پی سی بی تن و تنہا پاک بھارت کرکٹ روابط بحال کرنے کیلئے ثابت قدم ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دسمبر میں پاک بھارت سیریز منسوخ ہونے کا دعوی کیا ہے۔ پاک بھارت کرکٹ سیریز ہوگی یا نہیں معاملہ پھر لٹک گیا۔
شائقین کرکٹ کی امیدیں بھی دم توڑنے لگیں۔ شہریار خان نے نئی دہلی میں بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
چئیرمین پی سی بی شہریار خان نے دعویٰ کیا ہے کہ راجیو شکلا سے ملاقات مثبت رہی لیکن سیریز پر حتمی فیصلہ ششانک منوہر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اب بھی بی سی سی آئی کی جانب سے مثبت جواب کی امید ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے سربراہ سے ملاقات ایک دو روز میں نہ ہوئی تو پھر دبئی میں ہوگی۔