کراچی : پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اعلان کیا ہے کہ جب تک کرونا وائر س ہے، شادیوں میں نہیں جاؤں گی اور نہ ہی کسی سے ہاتھ ملاؤں گی، سب سے کہوں گی ہاتھ نہ ملائیں ۔
تفصیلات کے مطابق کروناوائرس سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں سینی ٹائزر مشینیں لگا دی گئیں اور اراکین کوماسک فراہم کردیئے گئے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اعلان کیا ہے کہ جب تک کرونا وائر س ہے،شادیوں میں نہیں جاؤں گی ، تمام لوگ شادی کی تقریبات کو اہلخانہ تک محدود رکھیں
شہلا رضا نے مزید کہا کراچی میں نزلہ زکام بڑھ رہا ہے اس کی روک تھام کی جائے، کسی سے ہاتھ نہیں ملاؤں گی،سب سے کہوں گی ہاتھ نہ ملائیں، سب لوگ ایک دوسرے کو دور سےسلام کریں جیسےمیں کرتی ہوں۔
دوسری جانب اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کررہی ہے، بچوں کی تعلیم سے زیادہ زندگی ضروری ہے، سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے اب وفاق بھی لوگوں کی صحت پر توجہ دے۔
خیال رہے کراچی میں ایک اور مریض سامنےآگیا ہے، محکمہ صحت سندھ نے 52 سالہ شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے اعلامیہ کے مطابق مذکورہ شخص 2روز قبل اسلام آباد سے آیا تھا، جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس طرح سندھ میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد15 جبکہ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر251ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں، جس میں سے15پوزیٹیو اور236نیگیٹیو ہیں جبکہ 54سالہ ایک مریض سمیت مجموعی طور دو مریضوں کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے اور 13مریض زیر علاج ہیں۔