اسلام آباد: وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے وہ پاکستان واپس ضرور آئے گی۔
یوتھ سمٹ میں دھواں دھار خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اب جاگ چکی ہے، اب پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کی آواز بنے گا، ہم اپنے اتحاد سے ملک اور اسلام دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کےفیصلے ملک میں ہی ہوتے ہیں، ماضی کی طرح اب باہر سےکسی کی کال سن کر فیصلے نہیں کیا جاتا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پٹھان کبھی سبزہلالی پرچم کےخلاف نہیں بولا اور اگر آج کوئی بول رہاہے تو وہ بیرونی اشاروں پر بول رہا ہے۔
مزید پڑھیں: عافیہ صدیقی سے متعلق جلد خوش خبری سننے کو ملے گی، وزیر مملکت
وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ اگر کوئی قانون شکنی کرے گاتو چاہیے وہ کوئی بھی ہو اُسے منہ توڑ جواب دیاجائےگا، پاکستان میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو برابر حقوق دیے جاتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل مسلمانوں پر حملے کررہے ہیں، مودی کو ہم نے ٹف ٹائم دیا اور میں دو ٹوک پیغام دیتا ہوں کہ اگر تم باز نہ آئے تو پاکستانیوں کو کمزور نہ سمجھنا کیونکہ ہم بھرپور منہ توڑ جواب دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹرعافیہ صدیقی کو “دخترپاکستان ” کا خطاب دیا جائے ، وزیراعظم سے مطالبہ
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی قوم کی بیٹی ہے اور وہ پاکستان واپس ضرور آئے گی۔ اُن کا مزید کہان تھا کہ آج کل ہمارے نوجوانوں کے جذبے کو نہ جانے کیا ہوگیا کہ ہم جیتے ہوئے میچ بھی ہار رہے ہیں، نوجوانوں کو ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے محنت پر توجہ دینا ہوگی۔
تقریب کے اختتام پر شہریار آفریدی نے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگوائے جن کا شرکا نے پرجوش انداز میں جواب دیا۔