اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ افغانستان سے تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کر رہے ہیں، وزیر اعظم کا وژن ہے افغان مہاجرین باعزت طریقے سے اپنے وطن چلے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کر رہے ہیں، افغان امن عمل میں پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں، اشرف غنی کے دورے کے بعد فالو اپ وزٹ بھی ہے۔ افغان وفد نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی درخواست پر ایئر اسپیس کھول دی ہے، سرور احمد زئی خود اس کیمپ میں رہے ہیں۔ افغانستان ایک خود مختار ریاست ہے۔ وزیر اعظم کا وژن ہے افغان مہاجرین باعزت طریقے سے اپنے وطن چلے جائیں۔
اس سے قبل ایک موقع پر وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہے، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اپنے بچوں کا نوالہ بھی تقسیم کر رہا ہے، حکومت نے افغان مہاجرین کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دی۔ پاکستان اور افغانستان کو اب کوئی تقسیم نہیں کرسکتا۔
شہریار آفریدی نے مزید کہا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے زبردستی نہیں کریں گے۔ دشمن پاکستان اور افغانستان میں امن نہیں چاہتا۔ افغان عوام سے درخواست ہے کہ پاکستان کی نیکی کبھی نہ بھولنا۔