اسلام آباد : وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں، دنیا میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ناظم الامور پال جونز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی سے امریکی ناظم الامور پال جونز نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات سے متعلق امور زیر غور آئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں،افغانستان میں پاکستان، امریکا کے مفادات ایک ہیں، پاکستان دنیا میں امن کے حوالے سے کوششوں کو جاری رکھے گا۔
شہریار آٖفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہے، ہمارے بیانیے میں پاکستان کی ثقافت کی ترویج شامل ہے، ہمیں اپنے ماضی سے سیکھنے کی ضرورت ہے، اوورسیز پاکستانیز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملاقات میں وزیر مملکت نے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جانی، و مالی قربانیوں کا بھی ذکر کیا، اس موقع پر امریکی ناظم الامور پال جونز کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
مزید پڑھیں : آرمی چیف سے امریکی ناظم الامورپال جونز کی ملاقات
واضح رہے کہ اس سے قبل جی ایچ کیو راولپنڈی میں امریکی ناظم الامورپال جونز نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، ملاقات میں پڑوسی ملک افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف اور امریکی ناظم الامور نے ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو کی۔