اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کی حتمی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ بنانے کا نوٹیفیکشن آج جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
وزارت داخلہ لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے ہرممکن اقدامات کرے‘ عمران خان
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ میں اجلاس کی صدارت کے دوران وزیراعظم عمران خان کو ماتحت اداروں کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت داخلہ ملک سے لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے ہرممکن اقدامات کرے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے اور نیب مل کرکام کریں، منظم جرائم اور کرپشن کے خاتمے کے لئے مربوط روابط قائم کیے جائیں.
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں،ان کو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اور اس کے ذیلی ادارے شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔