لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریارخان نے ذاتی اور طبی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا‘ ان کا کہنا ہے کہ جب تک نئے چیئرمین کا تقرر نہیں ہوجاتا کام کرتے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہریار خان نے اس خبر کی تصدیق لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ممبران سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’انہوں نے بورڈ کے ممبران کو اعتماد میں لیا ہے اور انہیں بتادیا ہے کہ 18 اگست کو اپنے عہدےکی مدت ختم ہونے کے بعد وہ مزید کام نہیں کریں گے‘‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ چیئرمین یا کسی بھی دیگر عہدے پر پی سی بی کے لیے اب کام نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن وزیراعظم میاں نواز شریف کو اس معاملے پر لکھ دیا ہے کہ وہ استعفے کے لیے تیار ہیں اور وزیراعظم جب چاہیں اسے منظور کرلیں۔
کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق شہریارخان پرمسلسل دباؤ تھا ’’کہ وہ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے حق میں دست بردار ہوجائیں جوکہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اس کے لیے کوشش کررہے ہیں‘‘۔
شہریارخان کو اگست 2014 میں پی سی بی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ 2003 میں بھی پی سی بی چیف کے عہدے پر کام کرچکے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ گورننگ بورڈ کے ارکان کی مدت بھی ختم ہونے جا رہی ہے ۔ اس صورتحال میں وزیر اعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دو نام بھجوائے جائیں گے جنہیں نئے گورننگ بورڈ میں پیش کر کے چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔