اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کرونا وائرس کے پیش نظر صوبائی حکومتوں کو بڑی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے صوبائی حکومتوں کو ریلوے کے اسپتال اور ڈسپنسریاں آئسولیشن وارڈ بنانے کی پیشکش کردی۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ تمام اسٹیشنوں پر اسپرے اور صفائی کی ہدایت کردی ہے، ریلوے کے تمام اسپتالوں میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولت دے رہے ہیں، ریلوے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سیاسی طور پر موت ہوگئی ہے، ان کی ڈیمانڈ اور نعرے ہیں کہ ملک سے باہر جانے دو۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلی مریضہ کا انکشاف، حالت تشویشناک
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ ریلوے کی زندگی ہے، یہ متاثر نہیں ہوگا، فریٹ ٹرینوں کی سروس بھی فی الحال جاری رہے گی۔
دوسری جانب کراچی میں ریلوے کے تمام اسپتالوں، ڈویژنوں میں کرونا سے متعلق ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ریلوے کے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ افسر نے تمام ڈویژنل اسپتالوں کو ہدایات جاری کردیں۔
ریلوے حکام کے مطابق کرونا کے مشتبہ مریض کی اسکریننگ کے لیے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہوں گے، ریلوے کے اسپتالوں میں کرونا کے مشکوک کیسز کے لیے علیحدہ وارڈز قائم کردئیے گئے ہیں، اسٹیشنز، ریلوے کالونیوں، اسپتالوں، آفس بلڈنگ میں پمفلٹ تقسیم اور پینا فلیکس آویزاں کردئیے گئے ہیں۔