عوامی احتجاج کے بعد وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہو کر بنگلہ دیش سے فرار ہونے والی شیخ حسینہ واجد کہاں جا رہی ہیں اس بارے میں بھارتی میڈیا کے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں۔
عوامی لیگ کی سربراہ اور بنگلہ دیش میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے زیر اقتدار حسینہ واجد کے اقتدار کا سورج غروب ہوگیا اور عوامی احتجاج کے بعد ان کے غیض وغضب سے بچنے کے لیے شیخ حسینہ واجد وزارت عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہونے کے بعد ملک کو چھوڑ چکی ہیں۔
شیخ حسینہ واجد بنگلہ دیش چھوڑ کر کہاں جا رہی ہیں، اس بارے میں بھارتی میڈیا کی جانب سے متضاد دعوے سامنے آ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے سب سے پہلے خبر دی تھی کہ شیخ حسینہ واجد فوجی ہیلی کاپٹر میں بنگلہ دیش سے بھارت کے لیے روانہ ہوچکی ہیں تاہم اسی دوران ایک بھارتی صحافی کا یہ دعویٰ سامنے آیا کہ انہیں بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں اور وہ بیلاروس جا رہی ہیں۔
تاہم کچھ بھارتی میڈیا کے حلقے یہ دعوے کر رہے ہیں کہ شیخ حسینہ واجد کا جہاز ممکنہ طور پر بھارت کے دارالحکومت دہلی یا اگرتلہ میں لینڈ کر سکتا ہے۔
شیخ حسینہ واجد اقتدار چھوڑنے کے بعد بنگلہ دیشی فوج کے سی 130 طیارے میں ملک سے روانہ ہوئی ہیں۔