ابوظبی : اماراتی حکومت نے دہشت گردانہ حملے میں متاثر ہونے والے مصر کے کینسر اسپتال کی دوبارہ تعمیر کےلیے لاکھوں ڈالر امدادکا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فوج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے رواں ماہ دھماکے کے باعث متاثر ہونے والے مصر ی دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کی ایک مرتبہ پھر تعمیر کےلیے 1 کروڑ 19 لاکھ درہم کی امداد دےکرانسانیت کی مثال قائم کردی۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابوظبی کے ولی عہد کی جانب سے دیا جانے والا چندہ اماراتی اورمصری عوام کے برادرانہ تعلقات میں اضافے کےلیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
مصر میں تعینات اماراتی سفیر جمہ مبارک الجونیبی کا کہنا ہے کہ شیخ محمد مصر کی ترقی، سیکیورٹی اور استحکام کی حمایت کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصر کے ساتھ ہے۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 30 شدید زخمی ہوگئے تھے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری دارالحکومت قاہرہ کے کینسر اسپتال کے باہر غلط سمت سے آنے والی ایک کار تین گاڑیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور 19 افراد زندگی بازی کی ہار گئےتھے۔