اسلام آباد : متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمدبن راشد المکتوم نے اردو زبان میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہم وزیراعظم پاکستان کو یواے ای آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں ، دونوں ممالک میں مشترکہ تعلقات پرفخرہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمدبن راشدالمکتوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اردوزبان میں ٹویٹ کرکے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو متحدہ عرب امارات آمد پر خوش آمدید کہا۔
شیخ محمدبن راشدالمکتوم کا کہنا تھا کہ ہمارے بھائی چارےاور باہمی تجارت کی لمبی تاریخ ہے،دونوں ممالک میں مشترکہ تعلقات پرفخرہے۔
ہم وزیراعظم پاکستان@ImranKhanPTI كو متحدہ عرب امارات میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے بھائی چارے اور باھمی تجارت کی لمبی تاریخ ہے، ہمیں ان مشترکہ تعلقات پر فخر ہے۔ pic.twitter.com/wVdCjDzWSY
— HH Sheikh Mohammed (@HHShkMohd) November 18, 2018
وزیراعظم عمران خان کے دفترسےعربی میں ٹوئٹ
متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمدبن راشدالمکتوم کے اردو میں ٹوئٹ کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کے دفتر کی جانب سے عربی میں ٹوئٹ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کےشانداراستقبال پرشیخ محمدبن راشدکےشکرگزارہیں، دونوں ممالک کی عوام کےدرمیان تعلقات کی مضبوطی کےلئےدعا گوہیں۔
شكراً لصاحب السمو الملكي على تمنياته الحارة لرئيس وزراء باكستان عمران خان. نحن في امتنانكم ونصلي للعلاقات الأخوية بين شعب الإمارات وباكستان!@HHShkMohd https://t.co/iRZ8NIQuli
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) November 18, 2018
یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے، اس موقع پر اُن کے ہمراہ آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور، وزیر برائے توانائی اور مشیر تجارت جبکہ یو اے ای میں پہلے سے موجود وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود بھی شامل تھے۔
وزیراعظم عمران خان کی ولی عہدشیخ محمدبن زیدبن سلطان النہیان سےملاقات صدارتی محل میں ہوئی، جس میں باہمی امور اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دو طرفہ تجارت سمیت معیشت کی بہتری کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
مزید پڑھیں : دورۂ متحدہ عرب امارات، وائٹ کالر کرائم اور منی لانڈرنگ کی روک تھام پر اتفاق
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زبیل محل کا دورہ کیا جہاں اُن کا استقبال شیخ راشد بن محمد المکتوم نے کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے طویل المدتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پراتفاق کیا اور تاریخی تعلقات کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا دونوں مملک نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہنگامی اقدامات شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ کالرکرائم پرقابوپانےکابھی معاہدہ طے پایا علاوہ ازیں ڈرگ،انسانی سمگلنگ،منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئےہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔