راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبرایکسپریس حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی غفلت ہوئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبر ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ انسانی غفلت ہوئی تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے، حادثے میں 8 سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرین حادثہ لوپ لائن پرہوا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ ساڑھے 4 بجے کے قریب ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سگنل سسٹم میں بڑی کرپشن ہے، سگنل سسٹم 8 ارب سے شروع کیا گیا تھا 32 ارب پر پہنچ گیا، سگنل سسٹم تو لگ رہا ہے مگرٹریک بہت پرانا ہے۔
صادق آباد : اکبرایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 10 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ ولہار پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوئے۔
اکبرایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل ہے، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہے۔