اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک اور نئی ٹرین چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیازی ایکسپریس کا افتتاح 19 جولائی کو کریں گے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میانوالی ریلوے اسٹیشن پر نیازی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، یہ ٹرین لاہور تا میانوالی کا سفر طے کرے گی، کل ریلوے ٹریک کا معائنہ خود کروں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیازی ایکسپریس کے ساتھ اے سی کوچز کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اے سی کوچ کا ٹکٹ 800 روپے جبکہ اکانومی کلاس کا ٹکٹ 350 روپے کا ہوگا۔
دوسری جانب چیئرمین ریلوے بورڈ سکندر سلطان نے ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے پیر کو افسران کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے کراچی تا راولپنڈی سر سید ایکسپریس کا افتتاح کیا تھا۔ ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ 2 ہزار، اے سی بزنس کا کرایہ 6 ہزار 650 اور اے سی سلیپر کا کرایہ 8 ہزار 550 روپے رکھا گیا ہے۔
یادرہے کہ مئی کے مہینے میں وفاقی وزیر ریلوے نے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا تھا کہ ہم نے 26 نئی ٹرینیں چلائیں اُس کے باوجود 17 لاکھ لیٹر فیول کی بچت بھی کی۔