اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ منہ کی کھانے کے بعد آج بھارت کے اندر مودی پر لعن طعن ہو رہی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بہادر افواج نے بھارتی فوج کے دانت کھٹے کئے، قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا خیال تھا کہ پاکستان معاشی طور پر کمزور ہو چکا ہے، پاکستانی افواج نے ایسی جرات، مہارت سے جواب دیا کہ دشمن سنبھل نہیں پایا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اس ردعمل میں اگر مودی نے کوئی اور غلطی کی تو اسے کرارا جواب دیا جائے گا، ہمارے پاس ایسی ٹیکنالوجی ہے کہ دشمن سوچتا ہی رہ جائیگا اور نیست و نابود ہو جائیگا۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی جریدے ”دی نیشنل انٹرسٹ”نے بھی پاک فوج کی برتری کو تسلیم کر لیا ہے، جو اس تاریخی کامیابی کا عالمی اعتراف ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر پاک فوج نے بھارت پراپنی برتری ثابت کردی ہے، دی نیشنل انٹرسٹ کا کہنا ہے پانچ بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانا پاکستان کی زبردست کامیابی ہے۔
دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے جے 10 سی طیاروں اور پی ایل ففٹین میزائلوں کی مدد سے بھارتی فضائیہ کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
جنگ بندی کے بعد پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان آج اہم رابطہ ہوگا
جریدے کا کہنا ہے رافیل جیسے جدید بھارتی جنگی طیارے تباہ ہونا بھارت کیلیے ناقابلِ تلافی دھچکا ہے، دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کی دفاعی طاقت اور عسکری حکمت عملی نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا، دشمن کو سبق سکھانا پاک فوج خوب جانتی ہے، اور حالیہ فتح اس کی روشن مثال ہے۔