اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ فریال تالپور کی گرفتاری کی خبر متوقع تھی، قانون اپنا راستہ خود بناتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ فریال تالپور کی گرفتاری کی خبر متوقع تھی، ملک کا سابق صدر اور سابق وزیر اعظم اب کرپشن پر جیل میں ہیں۔
انھوں نے کا کہ سابق صدر اور سابق وزیر اعظم ایک دوسرے کے بنائے مقدمات پر جیل میں ہیں، جیل میں زیادہ لوگ ہوں تو اسپیکر کو جیل کے باہر بھی اسمبلی لگانے کا اختیار ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے قرضے 24 ہزار ارب تک پہنچ گئے مگر ملک نیچے چلا گیا، آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف کیس پہلے کے ہیں، حکومت کی نیب یا کسی اور ادارے میں مداخلت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا قانون اپنا راستہ خود بناتا ہے، چوری اور کرپشن سے ملک کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ہوگا، آصف زرداری اور نواز شریف نے مک مکا کر کے کیسز چھپائے۔
فیصل جاوید نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت سنبھل گئی ہے لیکن 10 سال کے قرض کا ملبہ ہٹانے میں کچھ وقت لگے گا۔