حسن ابدال: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 30 جون تک سارے چور سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، عمران خان کو کہا تھا نواز مر جائیں گے پیسے نہیں دیں گے۔ ’ن لیگ کفن میں جیب لگوا کر ساتھ لے کر جائے گی‘۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال جب سکھ آئیں گے تو سری پنجہ اسٹیشن مکمل ہوگا۔ 15 اپریل کو میں خود سکھ مہمانوں کو خدا حافظ کہوں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پنجہ صاحب کے لیے 25 کروڑ کا منصوبہ ہے، دیوار بھی بنا رہے ہیں۔ اسٹیشن کے اطراف تجاوزات کو جلد ختم کر دیا جائے گا۔ آئندہ سال تک ایک تاریخی اسٹیشن بنا دیں گے۔ اگر 27 اپریل کو ایم ایل ون پر دستخط ہوگئے تو ڈیڑھ لاکھ روزگار پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تجزیہ ہے 30 جون تک سارے چور سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، ان لوگوں کا بینک بیرون ملک ہے 15 اپریل کو کمپنی کا نام بتا دوں گا۔ میرے مؤکل بڑے مضبوط ہیں۔ آصف زرداری بڑے دل کا آدمی ہے وہ پیسے دے سکتا ہے، عمران خان کو کہا نواز مر جائیں گے پیسے نہیں دیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سچا آدمی ہے میں نے 9 سال پہلے جھوٹ بولنا چھوڑا، عمران خان کہتا ہے میں کسی صورت این آر او نہیں دوں گا۔ شہباز شریف کے علاوہ کسی کو کچھ نہیں کہا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن ایک دینی طاقت ہے۔ ’بجلی، گیس اور دیگر چیزیں مہنگا ہونے کے ذمہ دار یہ چور ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ بظاہر ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پیغام دیا کہ بات نہیں مانی، اندر سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی ملے ہوئے ہیں۔ جس نے زرداری کی منی لارڈنگ کی وہی شہباز کی بھی کر رہی ہے۔ زرداری اچھا آدمی ہے پیسے دے دے گا۔ ’ن لیگ تو کفن میں جیب لگوا کر ساتھ لے کر جائے گی‘۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مودی کا ایجنڈا مسلمان نفرت ہے اس سے بھارت میں پاکستانی بنیں گے۔ مودی کا ایجنڈا بھارت میں کہیں پاکستان بنا دے گا۔