پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

اگر حملہ ہوا تو فوج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کروں گا: شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر جل رہا ہے، بھارت کے سپر پاور بننے میں پاکستان رکاوٹ ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر جو خاموش ہوگا وہ یزیدی قوتوں کے ساتھ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی عقل جواب دے گئی ہے، مودی سمجھتا ہے کہ پاکستان معاشی مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ پاکستان کی معیشت کمزور ہوسکتی ہے مگر دفاع نہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمارے جوان جان ہتھیلی پر رکھ کر مودی کے حملے کا انتظار کر رہے ہیں، کشمیر کے مسئلے پر جو خاموش ہوگا وہ یزیدی قوتوں کے ساتھ ہوگا، اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہوجائے۔

انہوں نے اپوزیشن کے لیے کہا کہ یہ سیاست کرتے رہیں گے، پیسے وصول کریں گے تو نیب آپ کو ڈیل کرے گا۔ وزیر اعظم عمران خان 27 تاریخ کو دنیا کو واضح پیغام دیں گے۔ مودی نے آسام کے لاکھوں شہریوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مودی نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، مودی کا ہندوستان کے سپر پاور بننے کا خواب نیست و نابود ہوجائے گا۔ اعلان کرتا ہوں 22 تاریخ کو سماہنی کے بارڈر پر جا رہا ہوں۔ کوٹلی، تتہ پانی اور لیپہ سمیت تمام بارڈر کے علاقوں پر جاؤں گا۔ وزیر اعظم کی 27 تاریخ کی تقریر کے بعد مقبوضہ کشمیر کا رخ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی میں آزاد کشمیر کا دورہ مکمل کروں گا، مقبوضہ کشمیر جل رہا ہے۔ میڈیا کے کردار کو سلام پیش کرتا ہوں۔ بھارت کے سپر پاور بننے میں پاکستان رکاوٹ ہے۔ تقریریں اور پریس کانفرنس بہت کرلی، جنگ خود لڑوں گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت نے تاریخ میں 2 غلطیاں کی ہیں، ایک ایٹمی دھماکہ اور دوسرا لاقانونیت۔ ہم اور پاکستان کی فوج تیار ہیں۔ شاہ محمود قریشی اور عمران خان تاریخی جدوجہد کر رہے ہیں۔ جس دن ملک پر حملہ ہوا فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہو کر مقابلہ کروں گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں