اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لوگوں کو معلوم ہوگیا ہے کہ چور کون اور چوکیدار کون ہے، مارچ سے پہلے پہلے ملک لوٹنے والوں پر جھاڑو پھر جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی ایک آسیب زدہ اور متعصب لیڈر ہے، گاؤ ماتا کی حکومت 5 ریاستوں سے ہار چکی ہے۔ بھارت کو امریکا خطے میں چوکیداری کا کردار دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف مریم نواز کے لیے این آر او ڈھونڈ رہے ہیں، قوم کو لوٹنے والے قوم سے غداری کےمرتکب ہوتے ہیں۔ ملک میں سیاست کے نام پر بھیڑیے آگئے تھے جنہوں نے قوم کو نوچا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگوں کو معلوم ہوگیا ہے کہ چور کون اور کون چوکیدار ہے، مارچ سے پہلے پہلے ملک لوٹنے والوں پر جھاڑو پھر جائے گی۔ عمران خان کو ووٹ اسی لیے ملے کہ چور لٹیروں کو بلڈوز کر دے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی مخلوق کو تنگ کرنے والا اصلی کیا لوٹی ہوئی دولت سے بھی نہ بچ پائے گا۔ عمران خان سے درخواست کروں گا لوٹنے والوں کو پکڑا جائے۔
گزشتہ روز ہونے والے صحافی پر تشدد کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ یہ اپنی اولاد کے لیے سوچتے ہیں، کاش انہوں نے صحافیوں کو بھی اپنے بچے سمجھا ہوتا۔ پرچہ نواز شریف پر ہونا چاہیئے، وہ تو اجرتی بدمعاش تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے مطالبہ کروں گا صحافی پر تشدد کرنے والے کو پکڑا جائے، چیف جسٹس سے کہتا ہوں خود نوٹس لیں، یہ بدمعاشی کی انتہا ہے۔